چین میں پاکستانی سفارتخانے میں4 مئی نئے اے پی پی ایس چائنا کا افتتاح کیا گیا، جس نے چین اور یورپ بھر میں پاکستانی میڈیکل طلبہ اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پروفیشنلز کے لیے نئے افق کھول دیئے ہیں۔ اے پی پی ایس گلوبل پاکستانی ڈاکٹروں، دندان سازوں، نرسوں، سائنسدانوں اور صحت سے متعلق متعلقہ پروفیشنلز کا دنیا کا سب سے بڑا نیٹ ورک ہے جو 5 براعظموں پر پھیلا ہوا ہے۔
اے پی پی ایس نے اپنا سفر تقریباً 20 سال قبل برطانیہ سے اے پی پی ایس یو کے کے نام سے شروع کیا تھا۔ 2020 میں اے پی پی ایس یورپ کا آغاز کیا گیا اور جرمنی سمیت تمام بڑے یورپی ممالک میں شاخیں کھولی گئیں۔ 2021 میں اے پی پی ایس مشرق وسطی کا آغاز کیا گیا۔ چائنا اکنامک نیٹ (سی ای این)نے بدھ کو رپورٹ کیا کہ اے پی پی ایس چائنا کا مقصد پاکستان کے ہیلتھ پروفیشنلز اور چین میں میڈیکل کے طلبہ کو ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے کیریئر کی ترقی کے لیے تعاون اور نیٹ ورک بنا سکیں اور پاکستان میں صحت کے نظام کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔
اے پی پی ایس یورپ کے صدر ڈاکٹر عبدالرحمن شاہد نے اے پی پی ایس چائنا اقدام کا تعارف کرایا اور دنیا کے مختلف ممالک میں ممبران ایسوسی ایشنز پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ وہ کچھ چینی اداروں کے ساتھ مزید ملاقاتوں کے منتظر ہیں جنہوں نے ہمیں اپنے مراکز کا دورہ کرنے اور مستقبل کے ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کرنے کی دعوت دی ہے۔چائنہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر محمد شہباز نے چائنہ پاکستان ہیلتھ کوریڈور کے منصوبوں، مختلف طبی شعبوں میں طلبہ اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پروفیشنلز کے لیے مواقع پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے اے پی پی ایس چائنا کے آغاز پر اے پی پی ایس گلوبل ٹیم کو بھی مبارکباد دی۔ بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے میں فرسٹ سیکرٹری ڈاکٹر اویس ظفر اور ایجوکیشن اتاشی عفیفہ اویس ظفر نے اے پی پی ایس ٹیم کو مبارکباد دی اور اس اقدام کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ اے پی پی ایس چائنا ایک بہترین تقلید ہے اور یہ پاکستانی میڈیکل طلبہ اور ہیلتھ کیئر پروفیشنل کے لیے میڈیکل کے شعبے میں بہترین کارکردگی دکھانے اور یورپ میں کیریئر کے مواقع تلاش کرنے کے لیے نئے افق کھولے گا۔
اے پی پی ایس یو کے کے بانی ڈاکٹر عبدالحفیظ اور اے پی پی ایس یورپ کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر شائستہ معراج نے اپنے آن لائن پیغامات میں ممبران کو مبارکباد دی اور یورپ میں اپنا کیریئر شروع کرنے کے لیے اے پی پی ایس چائنا اور میڈیکل کے طلبہ اور پروفیشنلز کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔ بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عباس احمد نے بھی اپنے پیغامات پہنچائے۔ تقریب میں ڈاکٹر بلال شمسی، ڈاکٹر ہارون مجاہد اور تقریباً 70 میڈیکل طلبہ اور ہیلتھ کیئر پروفیشنلز نے شرکت کی۔