اسلام آباد – اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں گراں قدر خدمات انجام دینے والے ڈاکٹر مختار احمد کے اعزاز میں آج ہائیر ایجوکیشن کمیشن (HEC) میں ایک پروقار الوداعی تقریب منعقد کی گئی، جس میں ایچ ای سی کے ملازمین، اعلیٰ انتظامیہ اور مختلف شعبہ جات کے افسران نے شرکت کی۔

تقریب میں وفاقی سیکرٹری تعلیم جناب ندیم محبوب بھی شریک ہوئے، جنہیں بطور نئے چیئرمین ایچ ای سی کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر مظہر سعید اور ایچ ای سی کے دیگر سینیئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مختار احمد نے نئے چیئرمین کو خوش آمدید کہا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایچ ای سی کے تمام ملازمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا:”آپ سب کی محنت اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے لگن قابلِ تحسین ہے۔ یہ ادارہ آپ کی بدولت ترقی کی راہوں پر گامزن ہے۔

“
ڈاکٹر مختار احمد گزشتہ 18 برسوں سے ایچ ای سی کا حصہ رہے، جن میں سے دو بار چیئرمین کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔ ان کی قیادت میں ایچ ای سی نے اعلیٰ تعلیم کے میدان میں کئی اہم سنگ میل عبور کیے۔تقریب کے اختتام پر ایچ ای سی کے ملازمین اور انتظامیہ نے ڈاکٹر مختار احمد کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور انہیں یادگار تحائف پیش کیے۔
