اسلام آباد: چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے حال ہی میں ایچ ای سی کے ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ (HRD) ڈویژن کے ساتھ ایک اسٹریٹجک جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں قومی اور بین الاقوامی اسکالرشپ پروگرامز کی پیش رفت اور اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ممبر ایچ ای سی (HRD) انجینئر محمد رضا چوہان نے پراجیکٹ ڈائریکٹرز کے ہمراہ مختلف اسکالرشپ پروگرامز کی موجودہ صورتحال، اہم کامیابیوں اور اہداف پر جامع بریفنگ دی۔ انہوں نے اسکالرز کو سہولیات فراہم کرنے اور تعلیمی مواقع کی فراہمی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
چیئرمین ایچ ای سی نے HRD ڈویژن کی سرگرمیوں کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کو قومی وژن اور ملکی تعلیمی ضروریات کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے اور مخصوص علمی اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ادارہ جاتی بہتری اور شفاف سرمایہ کاری کے ذریعے ایچ ای سی آئندہ نسل کے ماہرین تعلیم، محققین اور قومی رہنماؤں کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا، تاکہ پاکستان کا اعلیٰ تعلیمی نظام عالمی معیار کے مطابق ترقی کر سکے۔