پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے کہا ہے کہ اکیڈیمیا اور انڈسٹری کے روابط کا فروغ دونوں شعبوں کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کی ترقی کے لیے بھی ضروری ہے۔ بینکنگ کا شعبہ معیشت کو فعال رکھنے، سماجی تعلیمی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اعلیٰ تعلیمی اداروں،بینکوں اور مالیاتی اداروں کے مابین باہمی تعاون تربیت یافتہ افرادی قوت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تحقیقی سرگرمیوں، پائیدار ترقی، زراعت، صنعت اور دیگر شعبوں میں نئے منصوبوں کے آغاز میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے ان خیالات کا اظہار نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زیر اہتمام بینکنگ اداروں سے وابستہ افراد کے لیے تربیتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وائس چانسلر نے زرعی شعبے کی ترقی کے لیے بینکوں کے کردار کو سراہتے ہوئے یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے سیشن کے انعقاد کو سراہا۔ دریں اثنا اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں ایگری بزنس رسک اور قرض دینے کی تکنیک پر تین روزہ زرعی فنانس سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ سیشن میں 18 کمرشل بینکرز نے شرکت کی۔ اس سیشن کا اہتمام اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذیلی ادارے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس پاکستان لمیٹڈ نے کیا تھا۔ استعداد کار بڑھانے کا یہ سیشن بینک الفلاح لمیٹڈ کے ایگری بزنس ہیڈ یحییٰ ایچ واہلہ نے دیا جو ایگری فنانس، ایگری مارکیٹنگ، ایگری فنانس رسک، ایگری فنانس ڈاکومنٹیشن اور غیر فعال قرضوں کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی۔ ٹریننگ منیجر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس اسٹیٹ بینک آف پاکستان مبشر طیب نے اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور کی ٹیم رجسٹرار محمد شجیع الرحمن، ڈائریکٹر تعلقات عامہ ڈاکٹر شہزاد احمد خالد، ڈپٹی رجسٹرار پبلک ریلیشنز فاطمہ مظاہر کا پروگرام کے مربوط انتظام پر شکریہ ادا کیا۔
اکیڈیمیا اور انڈسٹری کے روابط کا فروغ دونوں شعبوں کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کی ترقی کے لیے بھی ضروری ہے۔……. پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور
39