یوم سیاہ کشمیر کی مناسبت سےمقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کےلیے اوکاڑہ یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز کی جانب سے ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا جس میں اساتذہ، طلباء اور انتظامی افسران کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس ریلی کا مقصد آزادی اور حق خود ارادیت کےلیے کشمیریوں کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔
ریلی یونیورسٹی کے مرکزی دروازے سے شروع ہو کر پورے کیمپس سے ہوتی ہوئی ایڈمن بلاک کے سامنے اختتام پزید ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پہ انصاف، امن اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حق میں نعرے درج تھے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ ہمیں ہر سال یوم سیاہ منانا چاہیے تاکہ دنیا کو یہ باور کرایا جا سکے کی کشمیری عوام کس طرح سے بھارتی ظلم و بربریت کے سائے میں زندگیاں گزار رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ دن کشمیریوں کی مزاحمت کی علامت ہے۔ ہم آج یہاں پہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو خراج تحسین پیش کرنے کےلیے اکٹھا ہوئے ہیں۔
اس موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر بین الاقوامی کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پر امن حل میں اپنا کردار ادا کریں، کیونکہ اس مسئلے کے حل کے بغیر خطے میں امن اور ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے ریلی کے کامیاب انعقاد پہ ڈاکٹر امجد کی کاوش کو سراہا اور طلباء کو ہدایت کی کہ وہ کشمیر میں امن کے قیام کےلیے اپنی آوازیں بلند کرتے رہیں۔
ریلی کے اختتام پہ مظلوم کشمیریوں کےلیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور بعد میں کشمیر میں امن اور خوشحالی کےلیے دعا کی گئی۔
اوکاڑہ یونیورسٹی میں یوم سیاہ کشمیر کی مناسبت سے ریلیریلی کے شرکاء نے بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیریوں کے حق میں نعرے بازی کی
40