73
انسٹیٹیوٹ آف فزکس اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے زیر اہتمام فزکس کے شعبے میں ابھرتے ہوئے رجحانات پر دو روزہ بین الا اقوامی کانفرنس کا آغاز ہو گیا ۔کانفرنس کا افتتاح وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کیا۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر نے کہا فزکس سائنسی مضامین میں بنیادی اہمیت کی حامل ہے اور دنیا کی اکثر دریافتیں و ایجادات اور سائنسی ترقی فزکس کی ہی مرہون منت ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی سائنسدان فزکس کے شعبے میں ابھرتے ہوئے رجحانات اور جدت پر تحقیقی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کریں تاکہ عالمی سطح پر ہونے والی سائنسی ترقی میں وطن عزیز ترقی کر سکے۔ وائس چانسلر تھل یونیورسٹی بھکر پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد بزدارنے اپنے خطاب میں فزکس کے ارتقای مراحل ماضی اور دور حاضر میں ہونے والی تحقیق و تدریس اور مستقبل کے امکانات پر تفصیلی لیکچر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فزکس کلائمیٹ چینج اور میڈیکل شعبے میں بھی دوررس کے حامل نتائج دے رہی ہے۔ کانفرنس سیکرٹری ڈاکٹر عالیہ نذیر نے کہا کہ دو روزہ کانفرنس میں ملکی اور غیر ملکی مندوبین میٹریل سائنس میڈیکل فزکس مادی فزکس نینو ٹیکنالوجی قابل تجدید توانائی اور دیگر جدید شعبوں سے متعلق مقالہ جات پیش کریں گے ۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف فزیکل اینڈ میتھمیٹیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر غلام مصطفیٰ ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف فزکس پروفیسر ڈاکٹر الطاف حسین اور فوکل پرسن ڈاکٹر نور العین نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر نور العین نے کانفرنس میں شریک پاکستان بھر سے آئے ہوئے اور آن لائن ذرائع سے شریک بین الاقوامی ماہرین کا شکریہ ادا کیا۔
Post Views: 85