:انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن جامعہ سندھ جامشورو کے 14 طلبہ و طالبات کو پرائم منسٹر فنڈ اسکالرسپ کے تحت اسکالرشپ کے چیک دیئے گے۔ شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے 5 طلبہ اور 9 طالبات کو اپنے آفس میں بلوا کر انہیں چیک دیئے۔ اس موقع پر رجسٹرار جامعہ سندھ و ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس فنانشل ایڈ آفس پروفیسر ڈاکٹر مشتاق علی جاریکو، فوکل پرسن دادو کیمپس پروفیسر ڈاکٹر نیک محمد شیخ و دیگر موجود تھے۔
اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے کہا کہ گزشتہ4سال کے دوران طلبہ طالبات میں 86 کروڑ روپے اسکالرشپ کی مد میں تقسیم کیے گئے ہیں اور اسکالرشپ کی رقم ملنے سے طلبہ و طالبات کو فائدہ ہوا ہے اور وہ مہنگائی کے دور میں بھی بغیر کسی فکر کے اپنی تعلیم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ تاہم کچھ پاس آؤٹ بھی ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں بھی اسکالرشپ کی مد میں فنڈز مہیا کر رہی ہیں، نیز کچھ پرائیویٹ ڈونرز اور جامعہ سندھ کے اساتذہ بھی رقم دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی طالب علم کو ایمرجنسی وغیرہ ہوتی ہے اور وہ فیس جمع کرانے سے قاصر ہو تو اس کی درخواست پر اس کی فیس ٹیچرز ویلفیئر فنڈ سے جمع کرائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بوائز و گرلز ہاسٹلز میں 5 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات رہتے ہیں، جو ہاسٹل میں سہولیات ملنے پر محنت کرکے پوزیشنیں حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر جامعات کی طرح جامعہ سندھ بھی اگر ہاسٹلز کی سہولت ختم کر دیتی تو آج 2 ہزار طالبات اور 3 ہزار طلبہ شاید اعلیٰ تعلیم جاری نہ رکھ پاتے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ میں داخلہ فیس انتہائی کم ہے، سینئر بیچز کی سالانہ فیس 5 سے 10 ہزار روپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائم منسٹر فنڈ اسکالرشپ کے تحت مجموعی طور پر 14 سلاٹس ملے، ہم نے متعلقہ حکام سے گزارش کی، جس پر فوری طور پر 8 سلاٹس بڑھائے گئے، بہت جلد 8 طلبہ و طالبات کو بھی اسکالرشپ کے چیک مل جائیں گے۔