اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے وزیر ہائر ایجوکیشن کی زیر صدارت اہم اجلاس
لاہور: وزیر برائے اعلیٰ تعلیم پنجاب، جناب رانا سکندر حیات کی زیر صدارت ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن (PHEC) پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، جناب غلام فرید نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہونہار اسکالرشپ پروگرام کے تحت اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو مالی معاونت فراہم کرنے کے پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے نظام کو بہتر بنانے، جامعات کی کارکردگی کو بہتر بنانے، تحقیق و جدت کو فروغ دینے اور بین الاقوامی اداروں سے روابط کو مستحکم کرنے سے متعلق اہم نکات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر موصوف نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ حکومت پنجاب میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بلند کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور ہونہار طلبہ کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ ملک و قوم کا روشن مستقبل بن سکیں۔اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پالیسی سازی اور عملی اقدامات میں شفافیت، میرٹ اور کارکردگی کو بنیادی اصول بنایا جائے گا۔