
ڈیپارٹمنٹ آف انتھروپالوجی اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے زیر اہتمام ”ماضی کی تعمیر مادی ثقافت کے ذریعے”کے موضوع پر ایک روزہ بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد کیاگیا۔ڈاکٹر ربیکا رابرٹ اور عفیفہ خان ڈیپارٹمنٹ آف انتھروپالوجی اور آثار قدیمہ یونیورسٹی آف کیمبرج اس تقریب کے کلیدی مقررین ھے۔ پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز مہمان خصوصی تھیں اور پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم ڈائریکٹرکلچر اینڈ ہیریٹیج ریسرچ سنٹر مہمان اعزاز تھیں۔ پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھا چیئرمین شعبہ سوشل ورک، پروفیسر ڈاکٹر ثمر فہد شعبہ اپلائیڈ سائیکالوجی، ڈاکٹر نعیم عاصم ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ آف پبلک ہیلتھ اور ڈاکٹر سمیعہ ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ آف ہسٹری نے بھی تقریب میں شرکت کی۔مقررین نے کہا کہ گزشتہ صدی کے دوران، نمایاں شہری توسیع اور ہندوستان اور پاکستان میں مشینی زراعت اور آبپاشی کے نظام کو وسیع پیمانے پر اپنانے سے زمین کی تزئین میں ناقابل واپسی تبدیلیاں آئی ہیں۔ یہ تبدیلیاں، بشمول بڑے پیمانے پر آبپاشی کے نظام کا نفاذ اور مختلف مقاصد جیسے کہ کاشت کاری اور تعمیرات کے لیے متعدد آثار قدیمہ کی بستیوں کو ہموار کرنا سے دیرپا اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ پورے خطے میں تقریباً 6000 آثار کی خصوصیات کا پتہ لگانے کے لیے مختلف تکنیکوں اور حکمت عملیوں کا استعمال کرتے ہوئے ایک ورک فلو تیار کیا گیا ہے۔ اس سے نہ صرف سندھ کی تہذیب اور اس کے بعد کے ثقافتی ادوار سے متعلق آباد کاری کی تقسیم کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ آثار قدیمہ کی خصوصیات اور مشین لرننگ ماڈلز کے لیے محدود تربیتی اعداد و شمار حاصل کئے جا رہے ہیں۔ تاریخی نقشے تاریخ دانوں اور آثار قدیمہ کے ماہرین کے لیے بنیادی وسائل کے طور پر کام کرتے ہیں، جو ماضی کے مناظر، آباد کاری کے نمونوں اور جغرافیائی خصوصیات کے بارے میں قیمتی معلومات پیش کرتے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق احمد چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف انتھروپالوجی نے تمام مہمان مقررین، فیکلٹی ممبران، اور شعبہ بشریات اور نفسیات کے طلباء کا سیمینار میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے آنے والی نسلوں کے لیے ورثے کے تحفظ پر زور دیا جو قوموں کے فخر اور شناخت کے لیے اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ماضی اور مادی ثقافت سیاسی، اقتصادی، ماحولیاتی اور دیگر وجوہات کی بناء پر ختم ہو جائے تو مستقبل بھی گم ہو جائے گا۔ پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی ڈین آف سوشل سائنسز نے تاریخ اور تہذیبوں کی اہمیت بیان کی۔ انہوں نے اس بحث کا اختتام نوادرات کے تحفظ میں بشریات اور آثار قدیمہ کی اہمیت پر کیا۔ انہوں نے ڈاکٹر فاروق احمد چیئرمین شعبہ بشریات کو ایک کامیاب بین الاقوامی سیمینار کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ ڈاکٹر معظم درانی لیکچرر شعبہ بشریات نے تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دیئے۔