ڈیپارٹمنٹ آف ڈیٹا سائنس، فیکلٹی آف کمپیوٹنگ، دی اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے زیرِ اہتمام ٹیک لانسر سمٹ 3.0 اور مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد طلبہ میں ٹیکنالوجی فری لانسنگ، مہارتوں کی ترقی اور پائیدار آمدنی کے مواقع سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا کہ تعلیمی سرگرمیوں کو جدید مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیک لانسر جیسے اقدامات طلبہ کو عالمی فری لانس مارکیٹ کے لیے تیار کرنے، خود انحصاری کے فروغ اور قومی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر محمد فہیم مشتاق (فوکل پرسن و ایسوسی ایٹ پروفیسر) اور ڈاکٹر محمد ذیشان جھنڈیر (چیئرمین، ڈیپارٹمنٹ آف ڈیٹا سائنس) نے کہا کہ پروگرام کا بنیادی مقصد طلبہ کو جدید ٹیکنالوجیز میں عملی مہارتیں فراہم کرنا ہے۔ ڈاکٹر دوست محمد خان، ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹنگ، نے صنعت سے ہم آہنگ مہارتوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے طلبہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔تقریب میں شریک معروف انڈسٹری ماہرین اور ٹیکنالوجی پروفیشنلز نے فری لانسنگ کے مستقبل پر روشنی ڈالی اور ڈیٹا سائنس، مصنوعی ذہانت، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور سائبر سیکیورٹی جیسے شعبوں میں موجود مواقع پر تفصیلی گفتگو کی۔ مقررین نے ان شعبوں کو پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت، زرِ مبادلہ میں اضافے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کا مؤثر ذریعہ قرار دیا۔